مکہ المکرمہ (خصوصی رپورٹ)
حرمین شریفین سمیت مملکت کی تمام مساجد میں دوبرس بعد پہلی نماز جمعہ بغیر سماجی فاصلے کے ادا کی گئی۔ آئمہ نے نماز جمعہ کے لیے صفوں کودرست کرنے اورفاصلے ختم کرنے کا خصوصی اعلان بھی کیا۔ حرمین شریفین کے علاوہ مملکت کی تمام مساجد میں مکمل گنجائش کے ساتھ نمازیوں نے صفوں کی پابندی کے ساتھ نماز باجماعت ادا کی۔ مساجد کے آئمہ نےسماجی فاصلے کی پابندی کے خاتمے پرخصوصی طورپرشکرانے کے کلمات ادا کرتے ہوئے صفوں کی درستگی کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے دنیا بھر کی طرح سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے تحت مارچ 2020 سے پابندیاں عائد کرتے ہوئے سماجی فاصلے کا اصول بھی متعین کیا گیا تھا جس کے تحت حرمین شریفین سمیت مملکت کی تمام مساجد میں نمازیوں کےدرمیان ڈیڑھ میٹرکا فاصلے رکھا گیا تھا بعدازاں گزشتہ برس اس فاصلے کوکم کرکے آدھا میٹرکردیا گیا تھا۔ کورونا کی وبا کے پیش نظرمساجد میں نمازیوں کےلیے سماجی فاصلے کو متعین کرنے کی غرض سے صفوں میں نشانات لگائے گئے تھے تاکہ صف میں کھڑے ہونے کے لیے فاصلے کے اصول کومدنظررکھا جائے۔ گزشتہ ہفتے مملکت میں کورونا وائرس کے حوالے سے وزارت صحت کی جانب سے جاری سفارشات پرعمل کرتے ہوئے متعدد ضوابط کو ختم کیا گیا جن میں سماجی فاصلہ کھلے مقامات پرماسک کے استعمال کی پابندی کے علاوہ سفری ضوابط کے حوالے سے قرنطینہ و لازمی پی سی آر ٹیسٹ شامل تھا۔