مزمل حسین(ایڈمنسٹریٹر آفیسر انڈر گرائونڈ نیوز)
اسلام آباد: متعلقہ حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پاک فوج اور آرمی چیف کیخلاف شروع کی گئی حالیہ مہم ایک مخصوص سیاسی جماعت کی قیادت کی رضامندی یا پھر اسے علم میں لاکر شروع کی گئی تھی۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام کے پاس ناقابل تردید شواہد ہیں کہ کس طرح یہ ہتک آمیز مہم شروع کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایس آئی اور ایف آئی اے بنیادی طور پر اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہیں اور ایک ہفتے میں اپنی تحقیقات مکمل کر لیں گی، جیسے ہی تحقیقاتی رپورٹ مکمل ہو جائے گی اس کے بعد حکام فیصلہ کریں گے کہ معلومات عوام کے لیے منظر عام پر لائی جائے یا نہیں۔
جو کچھ بھی اس تحقیقات کے دوران سامنے آرہا ہے اس سے واقف ایک سرکاری ذریعے سے جب پوچھا گیا کہ کیا یہ توہین آمیز مہم سیاسی جماعت کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے تو انہوں نے کہا کہ یہ کام سیاسی قیادت کی مرضی سے ہوا ہے یا پھر اسے اس کا علم ہے۔
اس نمائندے کی جانب سے رابطہ کرنے پر ایک اہم سیاسی جماعت کے رہنما نے بتایا کہ عموماً ایسی مہم بھارت کی جانب سے شروع کی جاتی ہے۔