مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ رابعہ کلثوم نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ اداکارہ پروین اکبر کو ان کے شوبز میں کام کرنے پر اعتراض تھا۔
شوبز خاندان سے تعلق رکھنے والی رابعہ کلثوم ان چند اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے تھوڑے ہی عرصے میں جاندار اداکاری کی بدولت اپنا نام بنایا۔
حال ہی میں بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ ان کی والدہ نہیں چاہتی تھیں کہ وہ انڈسٹری میں کام کریں۔
رابعہ کلثوم نے وجہ بتاتے ہوئے کہا والدہ جس وقت سے انڈسٹری میں کام کررہی ہیں اس وقت اس شعبے میں لڑکیوں کا کام کرنا معیوب سمجھا جاتا تھا اسی لیے ان کے دل میں ڈر تھا کہ انہوں نے جن چیزوں کا سامنا اپنے زمانے میں کیا ہے یا جن حالات سے وہ گزری ہیں، ان چیزوں اور حالات سے میری بیٹی کو بھی گزرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہر کام کرنے والی عورت کے مختلف تجربات ہوتے ہیں، کسی کے مثبت تو کسی کے منفی، اگر اس نظریے کو لے کر بات کریں تو میں اپنی والدہ کے فیصلے سے متفق ہوں ، ان کا فیصلہ اس وقت بالکل صحیح تھا جس وقت میں نے آنے کی خواہش ظاہر کی تھی، یہ ہی بنیادی وجہ تھی اور میں اس کا بہت احترام کرتی ہوں۔
اعتراضات کے باوجود انڈسٹری میں کیسے آئیں؟
جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ ان کی شادی ہوگئی اور ان کے شوہر بہت ساتھ دینے والے انسان تھے، اس لیے انہیں مشکل نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ رابعہ کلثوم نے جیو ٹی وی کے ڈرامہ ‘زمانی منزل کے مسخرے‘ میں زینب کے کردار سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اس کے بعد انہوں نے مختلف ڈرامہ، ویب سیزیز ، فلم اور میوزک ویڈیوز میں کام کیا ہے۔
رابعہ سینئر اداکارہ پروین اکبر کی بیٹی، فیضان شیخ کی بہن اور اداکارہ ماہم عامر کی نند ہیں۔