(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چین کی جانب سے قرض رول اوور کیے جانے کی تصدیق کردی۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ چین نے پاکستان کے ذمے 2.4 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کردیا ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ چین کے بینک نے 2 سال کے لیے قرضہ رول اوور کیا، پاکستان دونوں سالوں میں صرف سود کی ادائیگی کرےگا۔
وزیرخزانہ کے مطابق تمام قرض معاہدوں کی مدت میں 21 جولائی2023 سے 30 جون 2025 تک توسیع کی گئی ہے۔
اس سے قبل چین نے 18 جولائی کو پاکستان کے 60 کروڑ ڈالر رول اوور کیے جس کی تصدیق وزیراعظم شہباز شریف نے کی تھی۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں،چین نے پاکستان کو 600 ملین ڈالر رول اوور کیے ہیں جس سے پاکستان کے ذخائر میں 600 ملین ڈالرکا اضافہ ہوا۔
31 مارچ کو سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ پاکستان کا چین کے ساتھ سیف ڈپازٹ اور کمرشل بینکس سے بزنس ہے، دو ارب ڈالرز 23 مارچ کو رول اوور ہونے تھے، اس بات کی تصدیق کرنے میں خوشی ہے یہ رقم رول اوور ہوگئی ہے۔