مصبا ح لطیف (اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
مدینہ سے ملتان پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 716 کی لینڈنگ کے بعد بوئنگ 777 طیارے کے معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ ہوائی جہاز کے 18 ٹائروں میں سے ایک ٹائر نمبر سات پنکچر تھا اور طیارے نے مبینہ طور پر اسی پنکچر ٹائر کے ساتھ لینڈنگ کی۔
اس طیارے نے ملتان سے مدینہ کیلئے پرواز پی کے 715 کے طور پر جمعہ کی شام 7 بجکر 40 منٹ پر روانہ ہونا تھا مگر تکنیکی بنیادوں پر اس کی روانگی روک دی گئی اور لاہور سے طیارے کا نیا ٹائر منگوایا گیا۔
عمرے کے مسافر 9گھنٹے 16 منٹ تک ملتان ائیرپورٹ پر اذیت کا شکار رہے، یہ پرواز ہفتے کی صبح چار بج کر 56 منٹ پر مدینہ کے لیے روانہ ہوئی جبکہ اس طیارے نے مدینہ سے کراچی کے لیے پرواز آپریٹ کرنا تھی۔
ملتان ائیرپورٹ سے روانگی میں تاخیر کی وجہ سے مدینہ سے کراچی کی پرواز پی کے 747 کی روانگی میں 10 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی اور کراچی کے عمرہ زائرین کو مدینہ ائیرپورٹ پر غیر معمولی انتظار کرنا پڑا۔
یاد رہے کہ رجسٹریشن اے پی بی ایچ وی کا حامل 16 سال پرانا یہ وہی بوئنگ 777 طیارہ ہے جو 14 اور 15 ستمبر کو ملتان ائیرپورٹ پر فنی خرابی کا شکار رہا، اسی طیارے میں 18 ستمبر کو بھی جدہ ائیرپورٹ پر فنی خرابی پیدا ہوئی اور 28 ستمبر کو جدہ ائیرپورٹ سے لاہور کے لیے روانگی کے وقت بھی طیارے میں آتشزدگی ہوئی جس بنا پر طیارہ 30 ستمبر تک جدہ ائیرپورٹ پر کھڑا رہا۔