مصبا ح لطیف (اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کو 76 سال مکمل ہونے پر کنٹرول لائن کی دونوں جانب کشمیری عوام آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔
جموں و کشمیر کے بڑے حصے پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 76 سال مکمل ہونے پر یوم سیاہ کے موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر1947 کو بھارت نے اپنی فوجوں کو مقبوضہ کشمیرمیں اتارا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 سے ایک مذموم مہم کا آغاز کر رکھا ہے، یہ غیرقانونی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں۔
مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کی تلخ یاد میں رات 12 بجے سے کشمیریوں نے بھارتی فوجی قبضے کے خلاف احتجاج شروع کردیا، مظفرآباد میں مظاہرین کی جانب سے مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اٹھا کر بھارتی فوجی قبضے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ 76 برس سے بھارت نے طاقت کے بل بوتے پرکشمیریوں کی آزادی دبا رکھی ہے۔ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا اب اقوام عالم کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔