(سید اظہر حسین بیوروچیف دبئی)
ایکسپو 2020 دبئی سائٹ میں ایک سرکاری تقریب کے دوران پاکستان پویلین سول ورکس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اتوار کے روز پاکستانی حکام کے حوالے کردیا گیا۔ یہ پویلین مواقع ضلع میں واقع ہے اور اس کا مجموعی کور رقبہ 35,000 مربع فٹ پر محیط ہے۔ پویلین کا اندرونی سفر “پاکستان: چھپا ہوا خزانہ” کے عنوان کے تحت طے کیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، سیکریٹری وزارت تجارت محمد صالح احمد فاروقی، متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود، سیکریٹری ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) احسن علی منگی اور پاکستانی سفارتخانے اور قونصل خانے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایکسپو 2020 اب یکم اکتوبر 2021 سے 31 مارچ 2022 تک منعقد ہوگی۔ ایکسپو 2020 کی سائٹ 4.38 مربع کلومیٹر پر پھیلی پے اور پورا علاقہ تین اہم اضلاع مواقع، تحریک اور استحکام میں منقسم ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو قدرتی خوبصورتی، تاریخی اور مذہبی مقامات، بلند ترین چوٹیوں اور پر سکون صحرا سے نوازا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ کوہ پیماؤں، مورخین، آثار قدیمہ کے ماہرین، مصنفین، فوٹوگرافروں اور بہت سارے سیاحوں کی منزل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکسپو 2020 دبئی میں اپنے تھیم کے ذریعے ہم ملک میں سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے مواقع کی سرزمین پیش کرنے اور ان کی نمائش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان چھ ماہ کے پروگراموں کی بھی منصوبہ بندی کررہی ہے جن میں تجارتی اور سرمایہ کاری سیمینار اور کانفرنسیں، ثقافتی شوز اور تقریبات وغیرہ شامل ہوں گے۔ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکومت اور ایکسپو 2020 کے حکام کا پویلین کے تعمیراتی مرحلے میں تعاون اور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی اس ایونٹ کی کامیابی تکمیل تک یہ تعاون اسی طرح جاری رہے گا۔