دبئی (خصوصی رپورٹ)
حکومت دبئی نے کورونا وبا سے نمٹنے کےلئے عائد کی گئی پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان کیا ہے ۔دبئی میں ایونٹس اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ اب بار اور لائیو انٹرٹیمنٹ کی بھی فوری طور پر اجازت دیدی گئی ہے ۔
تاہم اس کے لئے شرط یہ ہے کہ اس میں شریک تمام افراد نے ویکسینینشن کرالی ہو۔ شرکا پر ماسک پہنا بھی لازم ہوگا دبئی نے جن نظرثانی شدہ اقدامات کا اعلان کیا ہے وہ یہ ہیں۔
دبئی کے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ اور کیفے میں لائیو انٹرٹیمنٹ اور دیگر سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔
تمام تفریحی سہولیات اور مقامات پر گنجائش کو اب 70 فیصد کیا جارہا ہے ۔ جبکہ ہوٹل 100 گنجائش کو استعمال کرسکیں گے۔
ہال اور ہوٹل میں شادی کی تقریب میں 100 افراد شرکت کرسکیں گے جبکہ گھروں میں ہونے والی شادی کی تقریب میں 30 لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی ۔ شرکا پر ماسک پہنا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا بھی لازم ہوگا۔
ریسٹورنٹ میں سنگل ٹیبل پر زیادہ سے زیادہ 10 افراد بیٹھ سکیں گے جبکہ شیشہ کیفے میں ایک ٹیبل پر 6 افراد کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی ۔ ریسٹورنٹ کو اپنی برنچ سروس بھی شروع کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔
تمام بار کو کھولا جارہا ہے جس میں صرف ان گاہکوں کی داخلے کی اجازت ہوگی جنہوں نے ویکسینیشن کرالی ہوگی ۔ بار کے عملے پر بھی ویکسینیشن لازم قرار دی گئی ہے۔
کمیونٹی اسپورٹس ایونٹ ، کنسرٹ ، سوشل اور اداروں کی جانب سے منعقدہ ایونٹ جیسے گالا ڈنر اور ایوارڈ کی تقریبات پر سے بھی پابندی اٹھالی گئی ہے۔
اسپورٹس ایونٹ کی اجازت دیدی گئی ہے جس کے انڈورو ایونٹ میں 1500 اور آوٹ ڈور ایونٹ میں 2500 افراد شرکت کرسکیں گے۔