دبئی (خصوصی رپورٹ)
پاکستان کے جاری کردہ حالیہ معاشی سروے کے مطابق دنیا کے 50 مختلف ممالک میں ایک کروڑ 14 لاکھ سے زائد پاکستانی روزگار کی غرض سے مقیم ہیں۔
سروے میں کہا گیا تھا کہ روزگار کے لیے اکثر پاکستانی خلیجی تعاون کونسل منتقل ہوئے ہیں اور ان کی تعداد 96 فیصد ہے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں سب سے زیادہ پاکستانی موجود ہیں۔
سروے کے مطابق سعودی عرب پاکستانی افراد قوت کا مرکز ہے جہاں 60 فیصد سے زیادہ پاکستانی برسر روزگار ہیں، متحدہ عرب امارات میں 24 فیصد اور عمان میں 4.6 فیصد پاکستانی موجود ہیں۔
کورونا وبا کے باوجود سال 2020 میں 2 لاکھ 24 ہزار پاکستانی روزگار کے سلسلے میں ملک سے باہر گئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزارت سمندر پار پاکستانی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2020 میں بنگلہ دیش نے 2 لاکھ 17 ہزار 699 شہریوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک بھیجا اور بھارت سے اسی دوران 94 ہزار 145 افراد روزگار کی غرض دیگر ممالک گئے۔
دوسری جانب سے پاکستان میں مسلسل 12 ویں ماہ ترسیلات زر میں اضافہ ہوا اورمئی 2021 میں اس مد میں 2 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ ترسیلات زر کے حوالے سے سٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ مئی 2021 میں 2.5 ارب ڈالر موصول ہوئے جو گزشتہ برس اسی ماہ کے مقابلے میں 33.5 فیصد زیادہ ہے۔
مالی سال 2021 میں ترسیلات زر کی مد میں سعودی عرب سے 7 ارب ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 5.6 ارب ڈالر، برطانیہ سے 3.7 ارب ڈالر اور امریکا سے 2.5 ارب ڈالر آئے۔