دبئی (خصوصی رپورٹ)
ویسے تو دبئی منفرد مصنوعی جزیروں، فلک بوس عمارتوں اور دنیا کے پہلے سیون سٹار ہوٹل ’برج العرب‘ کے حوالے سے جانا جاتا ہے لیکن اب یہاں ایک اور مشہور سیاحتی مقام بھی کھل رہا ہے۔
جی ہاں لندن کے مادام تساؤ میوزیم کی مشرق وسطیٰ کے لیے پہلی شاخ دبئی کے بلیو واٹر جزیرے میں رواں سال کے آخر میں کھولی جائے گی۔
اس عجائب گھر میں 60 عالمی ستاروں کے موم کے مجسموں کے علاوہ مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والی 16 شخصیات کے مجسمے بھی رکھے جائیں گے۔ عجائب گھر کا دورہ کرنے والے سیاح ان مجسموں کے ساتھ تصاویر بھی بنوا سکیں گے۔
اس میوزیم میں سات ایسے کمرے ہوں گے جو فلموں، اداکاروں یا عالمی شہرت یافتہ شخصیات کی عکاسی کریں گے۔ان میں سے ایک کمرہ بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی فلم کے تھیم پر سجایا جائے گا جبکہ دیگر شخصیات میں معروف امریکی ماڈل کائلی جینر، برطانوی اداکارہ اور ماڈل کارا ڈیلووین اور فٹبال لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو شامل ہیں۔
دبئی میں کھلنے والے مادام تساؤ میں عالمی نامور شخصیات کے علاوہ مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کے بھی مجسمے رکھے جائیں گے، جن میں لبنانی گلوکارہ نانسی عجرم اور مایا دیاب کے علاوہ دیگر کے مجسمے شامل ہیں۔
ایک مومی مجسمہ تیار کرنے میں بارہ ہفتے لگ جاتے ہیں جبکہ اس دوران جسم کے مختلف حصوں کی 500 بالکل درست لی گئی پیمائش کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے. مجسمے کو حقیقت کے قریب تر دکھانے کے لیے ایک ایک بال اصلی لگایا جاتا ہے۔ جبکہ جلد کی رنگت سے میچ کرنے کے لیے پینٹ کی لاتعداد تہیں لگائی جاتی ہیں۔ ایک مجسمے کی تیاری پر تقریباً 2 لاکھ 8 ہزار ڈالر تک لاگت آتی ہے۔
مادام تساؤ پہلی مرتبہ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں سنہ 1835 میں کھولا گیا تھا۔ تب سے اس کا شمار مشہور سیاحتی مقامات میں ہوتا ہے۔
مادام تساؤ کی ایمسٹرڈیم، ہانگ کانگ، لاس اینجلس، لاس ویگاس، شنگھائی، ووہان اور نیویارک میں بھی شاخیں موجود ہیں۔