بیورو ہیڈآف نیوز(اسلام آباد)
ملک بھر میں کورونا ضابطہ کار (ایس او پیز) کے تحت اسکول شیڈول کے مطابق 2 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں قائم مقام سیکرٹری تعلیم آصف حیدرکی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی ایجوکیشن سیکرٹریز نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کی چھٹیاں نہیں بڑھائی جائیں گی،کورونا ایس او پیز کے تحت اسکول شیڈول کے مطابق 2 اگست سے کھولیں جائیں گے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ صوبے اپنی حدود میں کورونا کی شرح کے مطابق خود فیصلے کریں گے تاہم بورڈ امتحانات شیڈول کےمطابق جاری رہیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے آج مزید 44 افراد انتقال کر گئے ہیں جبکہ مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 131 ہو گئی اور مجموعی کیسز 10 لاکھ 15 ہزار 827 تک جاپہنچے ہیں۔