نمائندہ خصوصی(لاہور)
لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر سے بدسلوکی اور نازیبا حرکات کے کیس میں ملوث ملزم اختر پر سیشن کورٹ میں مخالفین کی جانب سے تشدد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مخالفین نے ملزم کو مار پیٹ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
مخالفین کی جانب سے ملزم کو مارپیٹ کیے جانے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب اختر نامی ملزم سیشن عدالت میں ضمانت میں توسیع کے لیے آیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اختر کےخلاف تھانہ انارکلی میں ڈکیتی کا مقدمہ بھی درج ہے، اس مقدمےمیں مخالفین پہلے سے اختر کے انتظار میں کھڑے تھے جنہوں نے اختر کو سیشن کورٹ پہنچتےہی پکڑ لیا اور پٹائی شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق، ملزم پر تشدد کے دوران سکیورٹی اہلکار بھی وہاں پہنچ گئے جنہوں نےاختر کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج نے خاتون سے دست درازی کے کیس میں الیاس سلیم اور عزیز کی عبوری ضمانت عدم پیروی پر خارج کر دی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی مقامی عدالت نے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر خاتون عائشہ سے دست درازی اور بے لباس کرنے کے کیس میں گرفتار 6 ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی تھی۔
عدالت نے پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا۔