دبئی (خصوصی رپورٹ )
دنیا کی صف اول کی فضائی کمپنی الامارات نے بتدریج اپنا فضائی آپریشن بحال کرنا شروع کردیا ہے اوروہ نہ صرف اپنے اسٹاف کو ڈیوٹی پر واپس بلارہی ہے بلکہ نیا عملہ بھرتی کرنے کیلئے بھی کوشاں ہے۔ امارات ائرلائن نے اگلے چھ ماہ کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا بھر 3 ہزار فضائی میزبان اور 5 سو ائرپورٹ سروس اسٹاف کی بھرتی کی عالمی مہم شروع کردی ہے۔
اس کے علاوہ ان پائلٹس ، فضائی میزبانوں اور دیگر عملے کو بھی واپس ڈیوٹی پر بلانا شروع کردیا ہے جنہیں وبا کے دوران طویل رخصت پر بھیج دیا گیا تھا امارات ائرلائن کے مطابق ملازمت کے خواہشمند امیدوار ایمریٹس گروپ کیریئر ڈاٹ کام کے ذریعے اپنی درخواست جمع کراسکتے ہیں۔ امارات ائرلائن اس وقت 120 شہروں کیلئے پروازیں بحال کرچکی ہے جو اس کے وبا کے پہلے کے نیٹ ورک کے 90 فیصد کے مساوی ہے۔ فضائی کمپنی نے رواں سال کے اختتام تک اپنی گنجائش کا 70 فیصد بحال کرنے کی منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ائرلائن اپنے اے 380 طیاروں کوبھی بتدریج آپریشن میں لارہی ہے۔